نئی دہلی، 20 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دہشت گردی کے معاملے پر ہندوستان کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مشترکہ مذاکرات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ انٹیلی جنس رپورٹ شیئر کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ آس پاس کے ممالک کی بھی دہشت گردی کے خلاف لڑنے میں مدد کریں گے۔مشترکہ میڈیا مذاکرات میں سعودی ولی عہد نے کہاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مسئلے پر ہندوستان اور سعودی عرب کی تشویش ایک جیسی ہیں۔اس مسئلے پر ہم ہندوستان کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لئے صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ آس پاس کے ممالک کی بھی مدد کرے گا۔شہزادہ محمد بن سلمان کے بیان سے صاف ہے کہ سعودی عرب نہ صرف ہندوستان بلکہ پاکستان کی بھی مدد کرنے کو تیار ہے۔غور طلب ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے منگل کو ہی بیان دیا تھا کہ ان کا ملک بھی دہشت گردی کا شکار ہے۔مشترکہ میڈیاکانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے پلوامہ حملے کا بھی ذکر کیا، اگرچہ سعودی عرب کے شہزادہ نے پاکستان یا پلوامہ کو لے کر کوئی بیان نہیں دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے ہم اس بات پر متفق ہیں کہ اس کی حمایت کر رہے ممالک پر دباؤ بنانے کی ضرورت ہے۔دہشت گردوں کے حامیوں کو سزا دلانا بہت ضروری ہے، انتہا پسندی کے خلاف تعاون اور مضبوط منصوبہ کی ضرورت ہے۔آپ کو بتا دیں کہ ہندوستان آنے سے پہلے سعودی عرب کے شہزادے پاکستان کے دورے پر تھے،جہاں انہوں نے پاکستان کی تعریف میں قصیدے پڑھے تھے، ساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔اتنا ہی نہیں پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب میں و ہی پاکستان کا برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔